اسلام آباد: پاکستان کی جیلوں میں قید ہر چار افراد میں سے تقریباً تین انڈر ٹرائل ہیں اور انہیں اب تک کسی جرم میں سزا نہیں سنائی گئی۔
پاکستان پریزن ڈیٹا رپورٹ 2026 (Pakistan Prison Data (Report 2026 کے مطابق ملک میں 82,988 انڈر ٹرائل قیدی موجود ہیں، جو جیل میں قید افراد کی کل تعداد کا 75.09 فیصد بنتے ہیں۔
اعداد و شمار کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد پاکستان کی تمام جیلوں کی مجموعی منظور شدہ گنجائش سے بھی زیادہ ہے۔
ملک کی جیلوں کی مجموعی گنجائش 68,832 قیدیوں کی ہے، جبکہ صرف انڈر ٹرائل قیدی اس سے 14,156 زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر تمام سزا یافتہ قیدیوں کو جیلوں سے نکال بھی دیا جائے تو صرف انڈر ٹرائل قیدیوں کے باعث جیلیں پھر بھی اپنی گنجائش سے زیادہ بھری ہوں گی۔
انڈر ٹرائل قیدیوں کا تناسب بھی مسلسل بڑھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ شرح 2022 میں 64.47 فیصد تھی جو 2026 میں بڑھ کر 75.09 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ نے مقدمات میں تاخیر، بار بار سماعت ملتوی ہونے، ضمانت اور مالی مچلکوں کی شرائط اور عدالتی backlog کو طویل سزا سے پہلے کی قید کے اہم عوامل میں شمار کیا ہے۔







