اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور میٹا کے تعاون سے غیرفعال اور ری سائیکل موبائل نمبرز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی مستقل بندش کا میکانزم تیار کرلیا گیا ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کی درخواست پر میٹا اب تک پاکستانی نمبرز پر بنے ہوئے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرچکا ہے۔
نئے انتظام کے تحت ہر ماہ 5 ہزار ری سائیکل موبائل نمبرز کی تفصیلات میٹا کو فراہم کی جائیں گی تاکہ ان نمبرز سے منسلک پرانے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی نشاندہی اور بندش کے ذریعے فراڈ اور غیر مجاز استعمال کے خدشات کم کیے جاسکیں۔
اس اقدام کا مقصد موبائل نمبرز کی دوبارہ الاٹمنٹ کے بعد سابق صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ کے 10 کروڑ صارفین ہیں جو روزانہ 12 ارب پیغامات کا تبادلہ کرتے ہیں۔







