مخصوص طرز فکر کی دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے اپنے حالیہ مضمون میں پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بڑھتے ہوئے کردار، اس کے سربراہ کے رینک میں اضافے، بیانیہ سازی اور میڈیا و انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے روابط کو روایتی تنقید کے نشانے پر رکھا ہے۔
ان کی بحث میں سول ملٹری تعلقات اور ادارہ جاتی اثر و رسوخ سے متعلق سوالات یہ تصویر بناتے ہیں کہ آئی ایس پی آر مسلمہ عالمی پریکٹسز سے یکسر الٹ کر رہا ہے۔ ان کا مقدمہ ہیکہ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان کے عسکری ادارے کا کوئی منفرد رجحان ہیں، وہ اسے تحقیق و تجزیہ کہتی ہیں مگر عین اسی وقت دنیا کی اہم افواج کے اسی سمت میں ارتقا اور پاکستان کو درپیش مخصوص سیکیورٹی اور علاقائی چیلنجز سے واضح صرفِ نظر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
امریکہ، برطانیہ، فرانس، بھارت اور چین کی مثالیں بتاتی ہیں کہ جدید عسکری ابلاغ محض پریس ریلیز، فوجی مشقوں کی تشہیر یا اداری جاتی امیج بلڈنگ تک محدود نہیں رہا۔ Strategic Communications، Information Operations، Counter-Narrative اور میڈیا انگیجمنٹ مختلف تنظیمی شکلوں میں عسکری حکمتِ عملی کا حصہ بن چکے ہیں۔
بھارت میں انفارمیشن وارفیئر کی اعلیٰ سطحی نگرانی کے لیے لیفٹیننٹ جنرل رینک کا عہدہ برسوں پہلے فعال کیا جا چکا ہے۔ چین نے اپنے معلوماتی اور سائبر عسکری ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کیں، ہمہ جہتی تنوع اپنایا۔ روس میں یہ کئی درجوں تک پھیلا چکا۔ مشرق وسطی میں ابلاغ کیلیے نئی ٹیکنالوجی اختیار کرنے کی وہ انتہائیں بھی رپورٹ ہو چکیں جو ابھی دنیا کی نظروں سے اوجھل تھیں جبکہ نیٹو نے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کو باقاعدہ عسکری مطالعے اور تربیت کا موضوع بنارکھا ہے۔
اسی طرح امریکی محکمہ دفاع ہالی ووڈ کے ساتھ باقاعدہ ادارہ جاتی تعاون کرتا ہے۔ فلموں کے اسکرپٹس کا جائزہ، عسکری ماہرین کی معاونت اور فوجی وسائل تک رسائی اس نظام کا حصہ ہیں۔ فرانس میں بھی دفاعی ابلاغ کے ادارے کے تحت فلم اور تخلیقی صنعتوں سے رابطے کا باقاعدہ انتظام موجود ہے۔
تو پھر سوال یہ ہے کہ پاکستان میں عسکری میڈیا ونگ کی تنظیمی توسیع، سینئر رینک کی سربراہی یا تخلیقی صنعت سے تعاون کو بذاتِ خود غلط سمت میں پیش رفت قرار دینے کا معیار کیا ہے؟ کالم نگار کے رجحان یا ذاتی پسندوناپسند کے سوا اس کا کوئی گراؤنڈ بچتا بھی ہے۔
کسی ادارے کے سربراہ کا رینک بڑھنا لازماً اس کے غیر آئینی اختیارات بڑھنے کا ثبوت نہیں۔ اسی طرح نریٹیو بلڈنگ بذاتِ خود غیر جمہوری عمل نہیں، خصوصاً جب اس کا تعلق دہشت گردی، قومی دفاع، مخالفانہ ڈس انفارمیشن یا عوامی آگاہی سے ہو۔
یہ جیلنکز جتنے گھمبیر ہوں گے، انہیں ایڈریس کرنے کی کوششیں بھی اتنی ہی بلند آہنگ اور ہمہ پہلو رکھنا ابلاغی میرٹ کا تقاضا ہے۔
اسٹریٹجی اور پریکٹسز میں بہتری و اضافے کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، اس پر تجاویز متعلقہ ماہرین دیتے بھی ہیں
لیکن اسے تنقید کے لیے قابلِ پیمائش اکلوتے معیار کے طور پر پیش کرنا اور پس منظر، بدلتے رجحانات کو یکسر نظر انداز کر دینا فکری بددیانتی ہے۔
ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی تنقید کا جائزہ لیتے ہوئے اصل سوال یہی ہونا چاہیے کہ فوجی میڈیا ونگ کا طاقتور اور مؤثر ہونا، تکنیک کی تبدیلیوں پر اعتراض کرنا، بدلتے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ رہنا تنقید کا موقع نہیں، صورتحال کو ازسرنو سمجھنے کا تقاضہ کرتا ہے۔یہ کام محض سنی سنائی، پسندیدہ تجزیوں اور آدھی ادھوری معلومات کے ساتھ نہیں ہو سکتا، اس کے لیے جانبداری ترک کرکے ریشنل اینالسز لازم ہے۔
ان دونوں کے درمیان فرق کیے بغیر نہ فوجی ابلاغ کا درست تجزیہ ممکن ہے، نہ اثر بڑھنے کے تقاضے سمجھے جا سکتے ہیں اور نہ سول ملٹری تعلقات پر نتیجہ خیز بحث ممکن ہے۔
ضرورت یکساں بین الاقوامی معیارات، ٹھوس شواہد اور اصولی تنقید کی ہے، نہ کہ محض ادارہ جاتی توسیع، نئی تکنیک اور ابلاغی حکمت عملی کو مسئلے کی دلیل سمجھ لینے کی۔







