اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن اور علی بابا کلاؤڈ کے اشتراک سے منعقد ہونے والے پاکستان کے سب سے بڑے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ہیکاتھون کا گرینڈ فنالے ہفتہ، 24 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں ملک بھر سے منتخب ہونے والی تقریباً 300 ٹیمیں اپنے جدید اور تخلیقی منصوبے پیش کریں گی۔
منتظمین کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اے آئی ہیکاتھون میں پاکستان بھر سے 15 ہزار ٹیموں نے اپنے پراجیکٹس اور آئیڈیاز جمع کرائے۔ ابتدائی اسکریننگ کے بعد ایک ہزار 200 ٹیموں کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا، جنہیں اپنے منصوبوں کو بہتر بنانے اور عملی شکل دینے کے لیے وقت اور رہنمائی فراہم کی گئی۔
اگلے مرحلے میں ٹیموں نے اپنے اپنے اسٹیشنز پر متعلقہ شعبوں کے ماہر ججز کے سامنے پراجیکٹس پیش کیے۔ ان کی جانچ اور جائزے کے بعد تقریباً 300 ٹیموں کو گرینڈ فنالے کے لیے منتخب کیا گیا۔
ہیکاتھون میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے مختلف شعبوں کے مسائل حل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ دی گئی۔
مقابلے کے لیے چھ اہم شعبے متعین کیے گئے تھے، جن میں اسمارٹ ایگریکلچر، فنانشل انکلوژن، اردو اور ریجنل ٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر، تعلیم اور اوپن انوویشن شامل ہیں۔
اس قومی سطح کے مقابلے میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ، گریجویٹس، نوجوان پروفیشنلز، سافٹ ویئر ڈویلپرز، ڈیزائنرز، ڈیٹا سائنٹسٹس، کاروباری افراد، محققین اور اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔
مقابلے کا مقصد نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے محض صارفین بننے کے بجائے اس ٹیکنالوجی کی مدد سے عملی حل اور نئی مصنوعات تیار کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔
ہفتہ، 24 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے گرینڈ فنالے میں منتخب ٹیمیں اپنے منصوبے پیش کریں گی، جس کے بعد کامیاب پراجیکٹس کا اعلان کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق کامیاب منصوبوں کے لیے 30 ہزار امریکی ڈالر مالیت کے انعامات اور اے آئی کے 30 ہزار کریڈٹس رکھے گئے ہیں۔
اس ہیکاتھون کو نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی سے وابستگی اور پاکستان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدت کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔







