اسلام آباد: روسی حکومت نے بین الاقوامی اوپن ڈورز اولمپیاڈ (Open Doors Olympiad) میں کامیابی کی بنیاد پر روسی یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرنے والے باصلاحیت غیر ملکی طلبہ کے لیے مالی معاونت کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

پاکستان میں روسی سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری معلومات کے مطابق اس پروگرام کے تحت منتخب غیر ملکی طلبہ کو روس پہنچنے سے لے کر تعلیم مکمل ہونے تک سفری اخراجات، طبی بیمہ، ماہانہ وظیفے اور رہائش کے اخراجات میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

روسی وزارتِ سائنس و اعلیٰ تعلیم کے تحت یہ پروگرام 2025 میں وفاقی منصوبے Russia in the World کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔

اسکالرشپ کے تحت فراہم کی جانے والی سہولتیں

روسی حکام کے مطابق منتخب طلبہ کو روس میں تعلیمی ادارے تک پہنچنے اور ڈگری مکمل کرنے کے بعد واپسی کے سفری اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے طے شدہ شرائط کے مطابق فضائی سفر کی اکانومی کلاس یا دیگر مناسب ذرائع آمدورفت کے ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ طلبہ کو تعلیم کے پورے دورانیے کے لیے طبی بیمے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

پروگرام کے تحت اچھے اور بہترین تعلیمی نتائج حاصل کرنے والے طلبہ کو تعلیمی سال 2026-27 کے دوران 27 ہزار 93 روسی روبل ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

منتخب طلبہ کو رہائش کے اخراجات کی مد میں بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس کی رقم متعلقہ یونیورسٹی طے کرے گی۔

روسی سفارت خانے کے مطابق اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت غیر ملکی طلبہ کو روس میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے دوران مالی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

اسکالرشپ کی اہلیت، درخواست دینے کے طریقہ کار اور دیگر شرائط سے متعلق مزید معلومات پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔