اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ معاشی تعلقات مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے اور صنعتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و منصوبہ بندی راشد المحمود تیتومیر کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط اور ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ اور دیگر صنعتی شعبوں میں مشترکہ مواقع سے فائدہ اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی معاشی صورت حال اور ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو کی، جبکہ معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار اقتصادی ترقی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں معاشی استحکام اور ساختی اصلاحات کے لیے کیے گئے اقدامات اور تجربات سے بنگلہ دیشی وفد کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کا محتاط انتظام اور مالیاتی شعبے کی ترقی طویل مدتی معاشی نمو کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
بنگلہ دیشی وفد نے بھی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اپنے ملک میں کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تجربات اور مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
محمد اورنگزیب نے پبلک فنانشل مینجمنٹ اور قرضوں کے انتظام کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متعلقہ اداروں کے درمیان تکنیکی سطح پر روابط اور تجربات کے تبادلے میں تعاون کرے گا۔
فریقین نے دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں پیش رفت کے لیے مستقل رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان اور ڈپٹی ہائی کمشنر فضل لوہانی بابو بھی شریک ہوئے۔







