پاکستان میں اکتوبر کے دوران دہشت گردی کی کارروائیوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ستمبر کے مقابلے میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں 37 فیصد، ان حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد میں 57 فیصد جبکہ زخمیوں کی تعداد میں 71 فیصد کمی آئی ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں نسبتاً زیادہ بہتری دیکھنے میں آئی، جبکہ خودکش حملوں کی تعداد بھی کم ہو گئی۔ تاہم اغوا کی وارداتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔

اسلام آباد میں قائم آزاد تحقیقی ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پکس) کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں ملک بھر میں دہشت گردی کے 143 حملے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ ستمبر میں ان کی تعداد 226 تھی۔ اس طرح مسلسل دو ماہ تک دہشت گرد حملوں میں اضافے کے بعد اکتوبر میں اس رجحان میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

پکس کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 111 افراد مارے گئے، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 260 تھی۔ اسی طرح زخمیوں کی تعداد 242 سے کم ہو کر صرف 69 رہ گئی۔ یوں دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان میں 57 فیصد اور زخمیوں کی تعداد میں 71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اکتوبر کے دوران دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 272 افراد مارے گئے اور 71 زخمی ہوئے۔ مارے جانے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 53 اہلکار، امن کمیٹیوں کے پانچ ارکان، 45 عام شہری اور 169 دہشتگرد شامل تھے۔ زخمیوں میں سکیورٹی فورسز کے 29 اہلکار، امن کمیٹیوں کے 11 ارکان اور 31 عام شہری شامل ہیں۔

پکس کی جانب سے گزشتہ 12 ماہ کے اعداد و شمار کے تقابلی جائزے میں بھی کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ اکتوبر میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد گزشتہ ایک سال کی کم ترین سطح پر رہی۔ دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 12 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ اسی طرح زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بھی گزشتہ ایک سال میں سب سے کم رہی۔ خودکش حملوں کی تعداد بھی گزشتہ 12 ماہ کی مشترکہ کم ترین سطح پر رہی۔ تاہم اس دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی تعداد بھی گزشتہ ایک سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

خودکش حملوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ ستمبر میں تین خودکش حملے ہوئے تھے جن میں 45 افراد مارے گئے اور 138 زخمی ہوئے تھے، جبکہ اکتوبر میں صرف ایک خودکش حملہ ریکارڈ کیا گیا جس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اکتوبر میں ہونے والا واحد خودکش حملہ بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیا گیا تھا، جبکہ ستمبر میں اس نوعیت کے دو حملے ہوئے تھے۔

پکس کے مطابق اکتوبر کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 156 دہشتگرد مارے گئے جبکہ سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار اور تین عام شہری بھی مارے گئے جبکہ دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ صوبے میں ستمبر کے دوران 132 حملے ہوئے تھے جبکہ اکتوبر میں ان کی تعداد کم ہو کر 71 رہ گئی۔ دہشت گرد حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 136 سے کم ہو کر 44 رہ گئی، جو تقریباً 68 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ اسی طرح زخمیوں کی تعداد 63 سے کم ہو کر 37 رہ گئی، یعنی 41 فیصد کمی آئی۔ صوبے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 79 دہشتگردمارے گئے۔ ان کارروائیوں میں تین عام شہری بھی مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

سابقہ فاٹا کے علاوہ باقی خیبر پختونخوا میں بھی دہشت گرد حملوں اور جانی نقصان میں نمایاں کمی سامنے آئی۔ پکس کے مطابق اس علاقے میں اکتوبر کے دوران 40 دہشت گرد حملے ہوئے، جبکہ ستمبر میں ان کی تعداد 58 تھی۔ اس طرح حملوں میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 90 سے کم ہو کر 38 رہ گئی، جو تقریباً 58 فیصد کمی ہے۔ زخمیوں کی تعداد میں 88 فیصد کی غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی اور یہ 165 سے کم ہو کر صرف 19 رہ گئی۔ اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 42 دہشتگرد مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی مارے گئے۔

خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، یعنی سابقہ فاٹا، میں اکتوبر کے دوران دہشت گردی کے 30 حملے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ ستمبر میں 34 حملے ہوئے تھے۔ اس طرح حملوں میں 12 فیصد کمی آئی۔ ان حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 33 سے کم ہو کر 25 رہ گئی، تاہم زخمیوں کی تعداد 11 سے بڑھ کر 13 ہو گئی۔ ان اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 35 دہشتگرد مارے گئے۔


نجاب میں اکتوبر کے دوران دہشت گردی کے دو حملے ریکارڈ کیے گئے جن میں چار افراد مارے گئے، تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ستمبر میں پنجاب میں دہشت گردی کا کوئی حملہ ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔


ندھ میں اکتوبر کے دوران دہشت گردی کا کوئی حملہ ریکارڈ نہیں ہوا، تاہم سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں سات مشتبہ جنگجو گرفتار کیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اکتوبر کے دوران دہشت گردی کا کوئی حملہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

دہشت گرد حملوں اور جانی نقصان میں مجموعی کمی کے باوجود اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہوا۔ پکس کے مطابق اکتوبر میں دہشت گردی سے منسلک واقعات میں 88 افراد کو اغوا کیا گیا، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 72 تھی۔ اس طرح اغوا ہونے والے افراد کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ 12 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اغوا کے سب سے زیادہ واقعات بلوچستان میں سامنے آئے جہاں مجموعی طور پر 70 افراد کو اغوا کیا گیا۔ یہ تعداد ملک بھر میں اغوا ہونے والے افراد کا تقریباً 80 فیصد بنتی ہے۔

کس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے دس ماہ، یعنی جنوری سے اکتوبر 2026ء کے دوران ملک بھر میں دہشت گردی کے مجموعی طور پر 1,376 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ اس عرصے میں دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3,902 افراد مارے گئے، جن میں سکیورٹی فورسز کے 645 اہلکار، امن کمیٹیوں کے 65 ارکان، 595 عام شہری اور 2,597 دہشتگرد شامل تھے۔

اسی عرصے کے دوران مجموعی طور پر 1,953 افراد زخمی ہوئے جن میں سکیورٹی فورسز کے 639 اہلکار، امن کمیٹیوں کے 62 ارکان، 1,055 عام شہری اور 197 دہشتگرد شامل ہیں۔

پکس کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے، یعنی جنوری سے اکتوبر 2025ء کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران دہشت گرد حملوں کی تعداد میں 53 فیصد جبکہ دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر مارے جانے والے افراد کی تعداد میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔