حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں کمی کے لیے ریفائنریز کے غیرمعمولی طور پر بڑھتے منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے درآمدی قیمت اور ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق کی رقم سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ریفائنریز سے جمع ہونے والی اضافی رقم کے مساوی پیٹرولیم لیوی، جو اس وقت 80 روپے فی لیٹر ہے، کم کی جائے گی۔

اطلاعات ہیں کہ نئے طریقہ کار کا اطلاق ابتدائی طور پر آئندہ 30 روز کے لیے ہوگا۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے جنگی صورت حال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کا بوجھ عوام پر کم کرنے کے لیے لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے جانے والے 106 روپے فی لیٹر ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

احتجاج اور دھرنوں کے بعد شروع ہونے والے مذاکرات میں حکومتی وزرا، احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر حکام، اس مطالبے کو ناقابلِ عمل قرار دیتے رہے۔ تاہم وزیراعظم سے حافظ نعیم الرحمن کی وفود کی سطح پر ملاقات کے بعد حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات پر آمادگی ظاہر کی۔

حکومت نے آئندہ بجٹ میں لیوی بتدریج کم کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم حافظ نعیم الرحمن نے اسی روز پریس کانفرنس میں مؤقف اختیار کیا کہ شدید مہنگائی اور عوام پر موجود مالی بوجھ کے پیش نظر لیوی فوری اور مکمل طور پر ختم کی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں وسط نومبر سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔ اس کے بعد جماعت اسلامی مختلف شہروں میں جلسوں کا اعلان بھی کر چکی ہے۔