پشاور میں پریس کانفرنس؛ گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج نہ ہونے پر سوالات، خیبرپختونخوا میں امن، معدنی وسائل پر صوبائی حقِ ملکیت اور بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ
پشاور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور دیگر عوامی مسائل پر ریلیف کا اعلان نہ کیا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں دوبارہ لانگ مارچ شروع کرے گی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری ہے۔ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ مؤخر کیا گیا تھا، جس کے بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں پیداواری لاگت کم کرنے، معیشت کی بہتری، روزگار کے مواقع بڑھانے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات پیش کیے گئے۔ مذاکرات کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کا اجلاس کل ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کا اعلان نہ کیا تو نومبر کے وسط میں لانگ مارچ دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج نہ ہونا بڑا سوالیہ نشان
خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران بڑے دعوے کیے گئے، مذاکرات بھی ہوئے، تاہم بعد میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج کا سامنے نہ آنا بڑا سوالیہ نشان ہے۔ احتجاج نہ ہونے سے غیر مقبول اقدامات کو تقویت ملی۔ تحریک انصاف کو اپنی صوبائی حکومت کے خاتمے کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج کرنا چاہیے تھا۔
خیبرپختونخوا میں امن اولین ترجیح ہونی چاہیے
لیاقت بلوچ نے کہا کہ صوبے میں ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ بالخصوص دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں امن کا قیام اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، اداروں اور عوام کے درمیان بداعتمادی کی خلیج موجود ہے، جسے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ختم کرنا ہوگا۔ پسند اور ناپسند کی بنیاد پر فیصلوں کا طرزِ عمل بھی ختم ہونا چاہیے۔
معدنی وسائل پر صوبے کا حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے
نائب امیر جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو صوبے کا انتہائی اہم اور سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معدنیات پر صوبے کے حقِ ملکیت کو تسلیم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے متعلق تمام معاملات شفاف انداز میں عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ صوبے کے وسائل اور ان کے استعمال سے متعلق ابہام ختم ہو۔
پاکستان اور افغانستان اختلافات مذاکرات سے حل کریں
پاک افغان تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو کسی عالمی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ دونوں ممالک کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے اختلافات سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے
لیاقت بلوچ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے عندیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی صورت حال کو بنیاد بنا کر صوبے کے کسی بھی علاقے کو بلدیاتی نمائندگی سے محروم نہ رکھا جائے۔
28ویں آئینی ترمیم اور ہائبرڈ نظام کی مخالفت کریں گے
ملکی سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن میں فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم کی تشکیل کے وقت بھی مخالفت کی تھی اور بعد میں 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کی بھی مخالفت کی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق اب 28ویں آئینی ترمیم کی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں اور ہائبرڈ نظام کو مزید تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی جماعت اسلامی مخالفت کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دلانا، ان کے حقوق کا تحفظ کرنا اور ملک میں آئینی و جمہوری نظام کو مضبوط بنانا ہے۔







