آج 6 نومبر 2026، راولپنڈی کے بھابھڑا بازار میں پیدا ہونے والے اس بچے کی 76ویں سالگرہ ہے جس کی زندگی خود ایک کہانی ہے, 1950کے ایک نومبر کے دن، ایک متوسط کشمیری گھرانے میں شیخ صاحب نے آنکھ کھولی، گھر کے حالات اچھے نہیں تھے، والد سے رشتہ کبھی نہیں بن سکا، بہن بھائیوں سے بھی فاصلے رہے، ماں خورشید بیگم ہی وہ واحد رشتہ تھیں جن سے دل لگا۔
بچپن میں چائلڈ لیبر کا شکار رہے، لال حویلی جو اس وقت سہگل حویلی تھی اس کے سامنے کتابیں بیچتے تھے، کہتے ہیں کہ میں دکان پر بیٹھے بیٹھے اس عظیم الشان عمارت کو دیکھتا اور خواب دیکھتا کہ ایک دن یہ حویلی میری ہوگی۔
ساتویں یا آٹھویں جماعت کی بات ہے کہ ایک بار 14 اگست کو بغیر پوچھے یوم آزادی کا جشن دیکھنے مری چلے گئے، واپسی دیر سے ہوئی،گھر پہنچے تو بڑے بھائی نے تختی سے اس قدر مارا کہ تختی ٹوٹ گئی، گھر والوں نے کوئی صفائی کا موقع نہ دیا، اسی رات فیصلہ کر لیا کہ زندگی ختم کردیں گے، اس مقصد کے لیے پہلے نیلا تھوتھا لائے، ناکام رہے، پھر بستر کی چادر کا پھندا بنا کر پنکھے سے لٹک گئے، آنکھوں میں تارے چمکنے لگے، شور مچا تو بھائی نے دروازہ توڑ کر بچا لیا، اس کے بعد کبھی مرنے کا خیال نہ آیا، خود کہتے ہیں کہ موت کتنی اذیت ناک ہے، اس کا تجربہ میں کر چکا ہوں۔
اسکول کے زمانے میں ہی ایوب خان کے خلاف تحریک میں حصہ لیا، جیل بھی گئے، دعویٰ کرتے ہیں کہ پاکستان کا سب سے کم عمر قیدی تھا، جیل میں مانیٹر بنے، پانچویں جماعت کے بچوں کو پڑھاتے رہے، وہیں قالین بنانا سیکھا اور بعد میں ہری پور میں گلمال کمپنی کے نام سے قالین کا کاروبار کیا، پھر ریشم کے سب سے بڑے ایکسپورٹر بنے، گولی لگی، لڑائیاں ہوئیں، مگر پیچھے نہیں ہٹے، ایک وقت آیا کہ گورڈن کالج میں طلبہ یونین کے صدر بن گئے، شعلہ بیان اتنے تھے کہ رکے نہیں اور 1985 میں پہلی بار قومی اسمبلی پہنچ گئے، 1988 میں جنرل ٹکا خان کو شکست دی، نواز شریف، مشرف اور پھر عمران خان کے ادوار میں متعدد وزارتوں کے قلمدان سنبھالے، آٹھ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونا کوئی چھوٹی بات نہیں، 2008 میں شکست کے بعد اپنی جماعت عوامی مسلم لیگ بنا لی۔
لال حویلی وہی ہے جس کے سامنے بچپن میں کتابیں بیچتے تھے، بدھاں بائی (جو سیالکوٹ کی رقاصہ تھیں) کے لیے دھن راج سہگل نے یہ حویلی بنوائی تھی، بدھاں بائی نے ان کو پہلی سگریٹ دی تھی (تھری کیسل برانڈ)شیخ صاحب نے اسے سرخ رنگ دیا، کشمیری لکڑی سے سجایا اور “لال حویلی” کا نام دیا، جنوں اور بھوتوں کی کہانیاں تھیں کہ جو بھی خریدے گا مر جائے گا، مگر وہ مذاق کرتے ہیں کہ جن مجھے دیکھ کر بھاگ جاتے ہیں، اس حویلی پر انہوں نے کئی بار وفاقی وزیر کا جھنڈا لہرایا، ہر 14 اگست کو اس کی بالکونی سے آتش بازی اور خطاب ان کی پہچان بن چکے تھے۔
ذوالفقار علی بھٹو نے ایک موقع پر انہیں “قومی بدمعاش” کہا تھا، بے نظیر بھٹو نے تنقید پر کلاشنکوف کے مقدمے میں جیل بھیج دیا۔ کتابیں لکھیں “فرزند پاکستان” (جیل میں رہتے ہوئے) اور “لال حویلی سے اقوام متحدہ تک” (ماں کی برسی کے دن لانچ کی)۔ شادی نہیں کی، خود کہتے ہیں کہ اللہ نے سب کچھ دیا، ماں کے ساتھ زندگی گزاری اور اپنے مشن میں لگے رہے۔
پنڈی بوائے آج بھی وہی ہیں، سگار، موٹر سائیکل، سری پائے اور لال حویلی، چاہے آپ ان کی سیاست سے اتفاق کریں یا اختلاف، ان کی کہانی راولپنڈی کی گلیوں سے شروع ہو کر قومی سیاست تک پہنچی ہے، اور اب بھی جاری ہے۔
آج ان کی سالگرہ ہے
Happy birthday Shaikh Sab







